پاکستان کو پہلی مرتبہ ورلڈ باکسنگ کونسل بحیرہ عرب بیلٹ فائٹ کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے۔

کویت سمیت 16 ممالک ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

ورلڈ باکسنگ کونسل بحیرہ عرب بیلٹ فائٹ 22 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔اس بات کا اعلان پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ کے صدر جناب نعمان شاہ نے گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

کویتی باکسر عبدالرحمن السند ( وزن 70 کلوگرام عمر 28 سال) رینکنگ فائٹ میں شرکت کریں گے اور اس چیمپئن شپ میں کویت کی نمائندگی کریں گے۔

یہ ورلڈ باکسنگ کونسل بیلٹ ہے جس میں 16 ممالک شرکت کریں گے۔ اس بیلٹ کیلئے بحیرہ عرب ٹائٹل باکسنگ مقابلے منعقد ہونے والے ہیں۔

نعمان شاہ نے مزید بتایا کہ اس چیمپئن شپ کی پہلی بیلٹ فائٹ پاکستانی باکسر مظفر خاں اور افغانی باکسر احمد سمیر کے درمیان ہو گی۔

تین رینکنگ مقابلے بھی منعقد ہونگے۔ ان مقابلوں کیلئے دو برطانوی اور ایک اسپینی باکسر بھی پاکستان پہنچیں گے۔
جو ممالک بحیرہ عرب بیلٹ چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں ان میں پاکستان ، کویت،سعودی عرب، قطر، بحرین، یمن، عراق، عمان، سری لنکا، صومالیہ، مالدیپ، جبوتی،افغانستان، متحدہ عرب امارات، ایران اور انڈیا شامل ہیں۔ ان ممالک کی تنظیم کے صدر نعمان شاہ کی زیر صدارت مندرجہ بالا سولہ ممالک میں پروفیشنل باکسنگ کو پروموٹ کیا جائے گا-
ان باکسروں کے درمیان۔ مکسڈ فائٹس کے نام سے رینکنگ فائٹس ہونگی۔ ان مقابلوں کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل باکسروں کی رینکنگ کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

یہ پہلا موقعہ ہو گا کہ پاکستان اس لیول کے باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا جس میں مختلف وزن کی کٹیگریز کے میچز کھیلے جائیں گے۔
کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیت حافظ محمد شبیر جو پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ میڈیا سیکشن کے نائب صدر ہیں، وہ کویت پروفیشنل باکسنگ لیگ کے بھی نائب صدر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل میں کویت کے نمائندے اور کویت اسپورٹس پروموشن ( کے ایس پی ) کے صدر جناب مشعل الفجی 4 جنوری 2022 کو سفارتخانہ میں عزت ماب سفیرپاکستان سید سجاد حیدر سے خصوصی ملاقات کریں گے۔جناب مشعل الفجی نے تمام میڈیا نمائندوں کو اس ملاقات کی کوریج کیلئے دعوت دی ہے۔