پاکستان بزنس سنٹر کویت کے زیر اہتمام پانچویں گرینڈ مینگو فیسٹول کی افتتاحی تقریب سفارت خانہ پاکستان کی زیر سرپرستی اور زھراء جمیعہ کے تعاون سے اتوار 30 جون کی شب زھراء جمیعہ میں منعقد ہوئی جس میں عزت مآب سفیر پاکستان غلام دستگیر نے سفارت خانہ پاکستان کے حکام ،پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر جنرل حافظ محمد شبیر،دوست ممالک کے سفیروں ،سفارتکاروں ،اعلی کویتی شخصیات ،پاکستان سے خصوصی دعوت پر کویت تشریف لانے والی معزز شخصیات  چوہدری وسیم اختر وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب،ملک ندیم عباس بارا کے ساتھ پانچویں گرینڈ مینگو فیسٹول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔دوست ممالک کے جن سفیروں اور سفارت کاروں نے تقریب میں شرکت کی ان کی تفصیل درج ذیل ہے گربا گجم عزت مآب سفیر نائجیریا، یو پیانشل عزت مآب سفیر جنوبی کوریا ،ڈاکٹر عمر تاتائی عزت مآب سفیر سوڈان ، عبدالعزیز ڈپٹی ہیڈ آف مشن کرغستان،پوشیتا پریرا ڈپٹی ہیڈ آف مشن سری لنکا ،،راحت سفارتخانہ شام، طارق البفتی سفارتخانہ اردن، مادام ماجدہ خالد الظہر پروٹوکول افسر دفتر خارجہ کویت، مادام نرجس الشبتی کویتی ہیڈ آف ڈی ڈبلیو سی، ریاض المطوع وزارت اطلاعات اینڈ براڈکاسٹنگ کارپوریشن ،علی العلی وزارت خارجہ امور اور دیگر شامل تھے،پاکستان بزنس سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل حافظ محمد شبیر نے پاکستان بزنس سنٹر کے سینئر منیجر راجہ ظفر اقبال اور اپنی ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ تمام معزز مہمانان کا والہانہ استقبال کیا ،20 سے زائد،کویتی ،عرب اور لوکل میڈیا نے اس ایونٹ کو کور کیا ،حافظ محمد شبیر نے تمام معزز شخصیات کو باری باری اسٹیج پر بلایا اور انہیں پاکستانی آم تحفہ کے طور پر پیش کئے ،اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے عزت مآب سفیر پاکستان غلام دستگیر نے کہا کہ انہیں کویت میں پاکستانی مینگو فیسٹول کا افتتاح کر کے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے ، وہ حافظ محمد شبیر کو ایونٹ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،ان کی کاوشوں سے کویت میں ہر طرف پاکستانی آم کے چرچے ہیں۔سفارت خانہ پاکستان کے ڈپٹی چیف آف مشن اشعر شہزاد نے کہا کہ وہ کامیاب مینگو فیسٹول کے انعقاد پر حافظ محمد شبیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ،پاکستان سے تشریف لانے والے ملک ندیم عباس بارا نے کہا کہ انہیں کویت میں پاکستانی آم کی اتنی شاندار پذیرائی دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم کو اللہ تعالی نے خاص ذائقہ اور خوشبو عطاء کی ہے ، اللہ تعالیٰ نے ہماری زمین کو یہ خاصیت عطا کی ہے ،اگر پاکستانی آم کے بیج کو دنیا کے کسی بھی حصہ میں لے جا کر کاشت کریں تو اس میں یہ خوشبو اور ذائقہ موجود نہیں ہوگا۔چوہدری وسیم اختر وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ حافظ محمد شبیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں کویت آنے اور یہاں پر مقیم ہم وطنوں سے ملاقات کا موقعہ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد شبیر کویت میں میڈ ان پاکستان اشیاء اور آم کے فروغ کیلئے بہت کام کر رہے ہیں جس سے پاک تجارت کو بھی فروغ مل رہا ہے ،وہ ایک سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں جو پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیلئے کام کر رہے ہیں ، آخر میں تقریب کے میزبان حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر جنرل پاکستان بزنس سنٹر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہےکہ پانچویں گرینڈ مینگو فیسٹول نے کامیابی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ،جس کیلئے وہ سفارتخانہ پاکستان کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی زیر سرپرستی پاکستانی مینگو فیسٹول کا انعقاد ممکن ہوا،وہںزھراء جمیعہ کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے تعاون کے بغیر اتنی یادگار تقریب کا انعقاد ممکن نہ تھا، وہ راجہ ظفر اقبال سینئر مینیجر پاکستان بزنس سنٹر اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی،وہ دوست ممالک کے سفیروں ،سفارتکاروں ،اعلی کویتی شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر تقریب کو رونق بخشی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان سے تشریف لانے والی معزز شخصیات چوہدری وسیم اختر وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب آور ملک ندیم عباس بارا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جو ان کی دعوت پر کویت تشریف لانے اور پاکستانی مینگو فیسٹول میں شرکت کی ،انہوں نے کہا کہ کویت میں میڈ ان پاکستان مصنوعات ،پاکستانی آم کا فروغ ان کی زندگی کا مشن ہے ،آج پاکستانی آم کویت کی  تقریباًہر مارکیٹ ، ہائپر اور جمیعہ میں دستیاب ہیں ،پاکستانی مصنوعات میں یہ خصوصیت ہے کہ وہ کویت کی مارکیٹ میں جگہ بنا سکتی ہے ۔حافظ محمد شبیر نے تمام مہمانان کو مسکراتے چہروں اور اس عزم کے ساتھ رخصت کیا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے ہم ایک ہیں اور مل کر کام کرتے رہیں گے۔